فنِ خطاطی کا درخشاں ستارہ غروب ہوگیا

 "پروفیسر حسن چلبی"

"فنِ خطاطی کا درخشاں ستارہ غروب ہوگیا" 

وَّ یَبْقٰى وَجْهُ رَبِّكَ ذُو الْجَلٰلِ وَ الْاِكْرَامِ(27: الرحمن)

عالمِ اسلام میں عربی خطاطی کے عظیم استاد، ترکی کے ممتاز خطاط 

"پروفیسر حسن چلبی" انتقال فرما گئے۔  

إِنَّا لِلَّهِ وَإِنَّا إِلَيْهِ رَاجِعُونَ  

٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭

یہ خبر نہ صرف خطاطی کے شائقین کے لیے بلکہ پوری اسلامی دنیا کے لیے ایک بڑا صدمہ ہے۔

پروفیسر حسن چلبی کا شمار ان نابغہ روزگار شخصیات میں ہوتا ہے جنہوں نے اسلامی خطاطی کی عظیم روایات کو برقرار رکھا اور آنے والی نسلوں کے لیے ایک قیمتی ورثہ چھوڑا۔وہ فنِ خطاطی کے ایسے استاد تھے جن کی تحریر میں روحانی جمال،صناعی کا کمال اور قرآنی آیات کی تقدیس جھلکتی تھی۔  


"پروفیسر حسن چلبی: خطاطی کے عظیم استاد"  


پروفیسر حسن چلبی نے 1964 میں اپنے خطاطی کے اسباق کا آغاز کیا اور اپنے اساتذہ "حلیم اوزیگی،حامد الامدی، اور کمال بتانے" سے کیلیگرافی میں تربیت حاصل کی۔ 

آپ نے 1981 میں خطاطی کی سند "پروفیسر کمال بتانے" سے حاصل کی، جس سے ان کے فن کو ایک نئی پہچان ملی۔  

ان کی پہلی ذاتی نمائش 1982 میں استنبول کے "ایریکا سینٹر" میں منعقد ہوئی۔ 

آپ 1983 میں مدینہ کی ایک مسجد، میں خطاطی کے کام سے منسلک ہوئے اور "1987 میں مسجد قبا" کی تجدید کے بعد اس کی خطاطی کی سجاوٹ کا کام بھی مکمل کیا۔  

1986 سے آپ IRCICA (اسلامی ثقافتی و تحقیقی مرکز) میں بین الاقوامی خطاطی کے مقابلوں کی جیوری کے رکن رہے، جو کہ ہر "تین سال" بعد منعقد ہوتے ہیں۔ 

"2011 میں انہیں "دی گرینڈ پرائز" سے نوازا گیا۔"  

آپ نے 1976 سے ترکی اور دنیا بھر میں سینکڑوں طلباء کو خطاطی کی تعلیم اور تربیت دی۔

 آپ ترکی اور دیگر ممالک میں متعدد نمائشوں میں شریک ہوئے،اور ان کے فن پارے عجائب گھروں اور معروف شخصیات کے ذاتی مجموعوں کا حصہ بنے۔  

پروفیسر حسن چلبی نے،ترکی اور بیرونِ ملک،کئی تاریخی اور نئی مساجد کی خطاطی اور سجاوٹ کے لیے بھی خدمات انجام دیں،جن میں ان کا کام آج بھی اسلامی فنِ خطاطی کی ایک عظیم مثال کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔

"حسن چلبی: فنِ خطاطی کے امین تھے" 

پروفیسر حسن چلبی ترکی کے ان عظیم خطاطوں میں سے تھے جنہوں نے نہ صرف عثمانی خطاطی کے تسلسل کو برقرار رکھا بلکہ اسے مزید جِلا بخشی۔ چوبارہ بتاتے چلیں،آپ مشہور ترک خطاط "حامد الآمدی" (حامد ایریک) کے شاگرد تھے،جنہیں بیسویں صدی کا سب سے بڑا خطاط قرار دیا جاتا ہے۔ 

اپنے استاد کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے،حسن چلبی نے نہ صرف خطاطی میں مہارت حاصل کی بلکہ اس فن کو سیکھنے اور سکھانے میں اپنی زندگی وقف کردی۔  

ان کی تحریر میں کلاسیکی طرزِ خطاطی کا حسن،روایت کی پاسداری اور جدید فنی تقاضوں سے ہم آہنگی کا امتزاج نظر آتا تھا۔

ان کے ہاتھ سے لکھے گئے قرآنی نسخے،اور مساجد کے گنبدوں و دیواروں پر کندہ آیات اور ان کی شاگردوں کی تربیت،سبھی اس بات کے گواہ ہیں کہ انہوں نے اسلامی فنون کی تاریخ میں ایک سنہری باب رقم کیا ہے۔  

"خطاطی میں خدمات"  

پروفیسر حسن چلبی کی سب سے بڑی خدنات عالمِ اسلام میں ترکی،عرب دنیا،اور دیگر اسلامی ممالک میں خطاطی کی تعلیم و ترویج شامل ہے۔ انہوں نے نہ صرف خود اعلیٰ درجے کی خطاطی کی بلکہ بے شمار شاگردوں کی تربیت بھی کی،جو آج اسلامی خطاطی کے میدان میں نمایاں مقام رکھتے ہیں۔ان کی تدریس کا انداز اور فن کے ساتھ ان کی محبت،ان کے شاگردوں کے لیے مشعلِ راہ بنی رہی۔  

وہ عربی خط کے مختلف اسالیب جیسے کہ "ثلث، نسخ، دیوانی، کوفی اور رقاع" میں مہارت رکھتے تھے، لیکن خاص طور پر "ثلث" اور "نسخ" میں ان کا کام بے حد مقبول اور منفرد تھا۔ 

ان کے ہاتھوں کی لکھی ہوئی آیات ترکی،سعودی عرب،پاکستان،اور دیگر اسلامی ممالک کی مساجد، مدارس اور اداروں میں نمایاں ہیں۔  

"روحانی ورثہ" 

پروفیسر حسن چلبی کا فن محض ایک فنی مہارت نہیں تھا،بلکہ وہ خطاطی کو ایک روحانی عمل سمجھتے تھے۔ان کے نزدیک ہر حرف،ہر لکیر اور ہر نقطہ ایک تقدس رکھتا تھا،اور ان کے ہاتھوں میں یہ تقدس مزید نکھر کر سامنے آتا تھا۔

آپ فنِ خطاطی کو ایک عبادت کاذریعہ سمجھتے تھے جس کے ذریعے آپ نے قرآن اور اسلامی تعلیمات کو حسن و جمال کے ساتھ پیش فرمایا۔  

ان کے کام میں روحانی چمک،تاریخی گہرائی،اور فنی مہارت کی آمیزش تھی،جس نے انہیں اپنے عہد کا سب سے ممتاز خطاط بنا دیا۔  

"ان کے انتقال کا عالمِ اسلام میں نقصان"  

پروفیسر حسن چلبی کے انتقال سے اسلامی دنیا ایک عظیم استاد سے محروم ہوگئی ہے۔ان کا جانا فنِ خطاطی کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے،

 لیکن ان کی خدمات،ان کی لکھی ہوئی آیات اور ان کے شاگرد ہمیشہ ان کی یاد دلاتے رہیں گے۔  

اللہ تعالیٰ ان کی مغفرت فرمائے،ان کے درجات بلند کرے اور انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ آمین!  


🌿 🌿




Tags

#buttons=(Okay) #days=(20)

اس سائیٹ کی ہر پوسٹ کو آپ باآسانی شئیئر کر سکتے ہیں۔ Check Now
Accept !