🔸مرد کن عادات کی وجہ سے اِزدِواجی زندگی کا سکون برباد کرتا ہے ...؟🔸

 🔸مرد کن عادات کی وجہ سے اِزدِواجی زندگی کا سکون برباد کرتا ہے ...؟🔸

شوہر اپنی درج ذیل عادات کی وجہ سے اِزدِواجی زندگی کا سکون برباد کرتا ہے۔


(1) ... بیوی کو کوئی اَہمیت نہ دینا اور اُسے نظر انداز کرنا، بیوی کو ستانا، طعن و تشنیع کرنا اور گالیاں دینا، ظلم و زیادتی کرنا، اس کی ضروریات کا خیال نہ رکھنا اور اپنے اَہل و عیال پر خرچ کرنے میں بخل سے کام لینا۔


(2) ... شوہر کا ہر وقت بیوی کو یہ کہتے رہنا کہ تم خوبصورت نہیں۔ تم میں فلاں نقص ہے، فلاں خامی ہے وغیرہ؛ اس لیے میں دوسری شادی کر لوں گا؛ یا بیوی کے سر پر ہر وقت طلاق کی تلوار لٹکائے رکھنا اور ذرا سی بات ہو تو دھمکی دینا کہ میں تمہیں چھوڑ دوں گا، طلاق دے دوں گا وغیرہ۔ حالاں کہ طلاق اللہ تعالیٰ کے ہاں حلال اُمور میں ناپسندیدہ ترین شے ہے اور یہ اِختیار صرف اُسی وقت استعمال کیا جانا چاہیے جب زوجین کا کسی بھی صورت نکاح برقرار رکھنا ممکن نہیں رہتا۔


(3) ... بیوی کی کسی غلطی و کوتاہی پر دوسروں کے سامنے اُس کی تذلیل کرکے اُس کی عزتِ نفس کو مجروح کرنا۔


حضرت علی بن ابی طالب رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:


مَا أَکْرَمَ النِّسَاءَ إِلَّا کَرِیْمٌ وَلَا أَهَانَهُنَّ إِلَّا لَئِیْمٌ.


ابن عساکر، تاریخ مدینۃ دمشق، 13: 313

ہندی، کنز العمال، 16: 155، رقم: 44943


سوائے برگزیدہ اور عزت والے شخص کے بیویوں کی عزت کوئی نہیں کرتا اور سوائے ذلیل و کمینے شخص کے کوئی ان کی اِہانت نہیں کرتا۔


(4) ... شوہر کا بیوی پر ناجائز پابندیاں عائد کرنے، اس کے کام میں نکتہ چینی کرنے اور ہر وقت شک کی نظر سے دیکھنے یا بیوی پر الزامات لگانے یا دوسروں کی وجہ سے اپنی بیوی سے جھگڑا کرنے سے بھی خانگی سکون تباہ ہوجاتا ہے۔ قرآن حکیم میں ایسے ہی لوگوں کے بارے میں فرمایا گیاہے:


وَالَّذِیْنَ یَرْمُوْنَ الْمُحْصَنٰتِ ثُمَّ لَمْ یَاْتُوْا بِاَرْبَعَةِ شُھَدَآءَ فَاجْلِدُوْھُمْ ثَمٰنِیْنَ جَلْدَةً وَّلَا تَقْبَلُوْا لَهُمْ شَھَادَةً اَبَدًا ج وَاُولٰٓئِکَ ھُمُ الْفٰسِقُوْنَo


النور، 24: 4


اور جو لوگ پاک دامن عورتوں پر (بدکاری کی) تہمت لگائیں پھر چار گواہ پیش نہ کر سکیں تو تم انہیں (سزائے قذف کے طور پر) اسّی کوڑے لگائو اور کبھی ان کی گواہی قبول نہ کرو، اور یہی لوگ بدکردار ہیں۔


(5) ... جب بیوی مسکراتے چہرے کے ساتھ خاوند کا استقبال کرتی ہے تو شوہر اسے توجہ دینے کی بجائے زندگی کے آلام و مصائب پر بات شروع کر دیتا ہے جس سے اس کی دل آزاری ہوتی ہے۔ اگر یہی صورتِ حال لمبے عرصے تک برقرار رہے تو گھر کا سکون برباد ہو جاتا ہے۔


(6) ... بیوی کے والدین اور عزیز و اَقارب کو اچھا نہ سمجھنا اور ان سے بے اعتنائی برتنا بھی گھریلو ناچاقی کا سبب بنتا ہے۔


درج بالا اُمور شوہر کی وہ بری عادات ہیں جن کی وجہ سے بیوی عدمِ تحفظ اور اِحساس کمتری کا شکار رہتی ہے۔ انہی عادات کی وجہ سے اِزدِواجی زندگی کا سکون برباد ہوتا ہے اور گھر کی دیکھ بھال اور بچوں کی تربیت کے اُمور نظر انداز ہو جاتے ہیں۔




#buttons=(Okay) #days=(20)

اس سائیٹ کی ہر پوسٹ کو آپ باآسانی شئیئر کر سکتے ہیں۔ Check Now
Accept !