🌹نکاح کے فضائل اور نیک و دیندار عورت کی فضیلت و چناؤ ...🌹
(1) ... حضرت سیّدنا ابو ہریرہ رضی ﷲ تعالٰی عنہ سے روایت ہے کہ تاجدارِ رسالت شہنشاہِ نبوت محسن انسانیت جناب محمد مصطفیٰ ﷺ نے ارشاد فرمایا : کسی عورت سے نکاح کرنے کیلئے چار چیزوں کو مدنظر رکھا جاتا ہے
١:- اس کا مال
٢:- حسب نسب
٣:- حسن و جمال اور
٤:- دینداری
پھر فرمایا : تمہارا ہاتھ خاک آلود ہو تم دیندار عورت کے حصول کی کوشش کرو
(صحیح البخاری کتاب النکاح، باب الاکفاءفی الدین جلد 3 صفحہ 429 رقم الحدیث 5090)
(2) ... حضرت سیّدنا ابو امامہ رضی ﷲ تعالٰی عنہ سے روایت ہے کہ سرکار مدینہ حبیبِ پروردگار دو عالم کے مالک و مختار ﷺ نے ارشاد فرمایا : تقویٰ کے بعد مومن کیلئے نیک بیوی سے بہتر کوئی چیز نہیں اگر اسے حکم کرتا ہے تو اطاعت کرتی ہے اور اسے دیکھے تو خوش کر دے اور اس پر قسم کھا بیٹھے تو قسم سچی کر دے اور اگر وہ کہیں چلا جائے تو اپنے نفس اور شوہر کے مال میں بھلائی کرے (یعنی خیانت و ضائع نہ کرے)
(سنن ابن ماجہ کتاب النکاح، باب فضل النساء جلد 2 صفحہ 414 رقم الحدیث 1857)
(3) ... حضرت سیّدنا عبد ﷲ بن عمر رضی ﷲ تعالٰی عنہ سے روایت ہے کہ نبی مکرم نور مجسم شہنشاہِ بنی آدم ﷺ نے ارشاد فرمایا : بے شک دنیا بہترین استعمال کی چیز ہے لیکن اس کے باوجود نیک اور صالحہ عورت دنیا کے مال و متاع سے بھی افضل و بہترین ہے
(سنن ابن ماجہ کتاب النکاح، باب فضل النساء جلد 2 صفحہ 412 رقم الحدیث 1855)
(4) ... حضرت سیّدنا عبد ﷲ بن عمر رضی ﷲ تعالٰی عنہ سے روایت ہے فرماتے ہیں کہ رسول پاک صاحب لولاک ﷺ نے ارشاد فرمایا : عورتوں سے ان کے حسن کی وجہ سے نکاح نہ کرو اور نہ ہی ان کے مال کی وجہ سے نکاح کرو کہیں ایسا نہ ہو کہ ان کا حسن اور مال انہیں سرکشی اور نافرمانی میں مبتلا کر دے بلکہ ان کی دینداری کی وجہ سے ان کے ساتھ نکاح کرو کیونکہ چپٹی ناک اور سیاہ رنگ والی کنیز دیندار ہو تو بہتر ہے
(سنن ابن ماجہ کتاب النکاح، باب تزویج ذات الدین جلد 2 صفحہ 415 رقم الحدیث 1859)
اچھی قوم میں نکاح کرو
(5) ... ام المؤمنین حضرت سیّدتنا عائشہ صدیقہ رضی ﷲ تعالیٰ عنہا سے روایت ہے کہ نبی مکرم نور مجسم رسول اکرم شہنشاہِ بنی آدم ﷺ نے ارشاد فرمایا : اپنے نطفہ کیلئے اچھی جگہ تلاش کرو کہ عورتیں اپنے ہی بہن بھائیوں کے مشابہ بچے پیدا کرتی ہیں
(کنز العمال، الکامل فی ضعفاء الرجال، عیسیٰ بن میمون الجروی جلد 6 صفحہ 423)
نکاح کیلئے اچھی نیک نیت
(6) ... حضرت سیّدنا انس بن مالک رضی ﷲ تعالٰی عنہ سے روایت ہے کہ میں نے حضور پاک صاحب لولاک سیّاح افلاک ﷺ کو فرماتے سنا : جس نے کسی عورت سے اس کی عزت کی وجہ سے نکاح کیا تو ﷲ تعالٰی اس کی ذلت کو بڑھائے گا، جس نے عورت کے مال و دولت (کے لالچ) کی وجہ سے نکاح کیا ﷲ تعالٰی اس کی غربت میں اضافہ کرے گا، جس نے عورت کے حسب نسب (یعنی خاندانی بڑائی) کی بنا پر نکاح کیا ﷲ رب العـــــــزت اس کی کمینگی کو بڑھائے گا اور جس نے صرف اور صرف اس لئے نکاح کیا کہ اپنی نظر کی حفاظت کرے، اپنی شرمگاہ کو محفوظ رکھے، یا صلہ رحمی کرے تو ﷲ رب العـــــــزت اس کیلئے عورت میں برکت دے گا اور عورت کیلئے مرد میں برکت دے گا
(المعجم الاوسط جلد 2 صفحہ 18 رقم الحدیث 2342)